اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ دنیا کو افغانستان کو انسانی المیہ سے بچانے کیلئے جامع منصوبہ وضع کرنے کی ضرورت ہے بالخصوص افغان خواتین اور بچوں کو امداد کی فوری اور اشد ضرورت ہے، عالمی برادری اس ضمن میں اپنا فعال کردار اور ذمہ داریاں پوری کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو امریکہ کے افغانستان کیلئے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ کی قیادت میں پانچ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات کے دوران افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ دنیا کو ایسا نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے سردیوں کے موسم میں شدت سے پہلے افغان عوام تک امداد پہنچ سکے، طالبان کو تعمیری بات چیت میں شامل کرنے کی ضرورت ہے، سیاسی خلاء اور عدم استحکام سے دہشت گرد تنظیمیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں، فریقین نے تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔