
اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ آئندہ شجر کاری مہم کے دوران 14 کروڑ 26 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو موسم بہار 2019 ء کی شجر کاری کے حوالہ سے بین الصوبائی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی بابر حیات تارڑ، آئی یو سی این کے کنٹری ڈائریکٹر محمد اکبر، بلوچستان کے سیکرٹری فارسٹ محمد سعید، سی سی ایف بلوچستان کے عبدالجبار، پی اے سی کامرہ کے ڈائریکٹر ایڈمن ملک ممتاز، سی ڈی اے کے ڈائریکٹر انوائرنمنٹ ارفان نیازی، سندھ کے سیکرٹری جنگلات عبدالرحیم، گلگت بلتستان کے چیئرمین جنگلات خادم عباس، وزارت دفاع کے جوائنٹ سیکرٹری نورین بشیر نے حصہ لیا۔ تمام محکمہ ہا جنگلات کے سیکرٹریز اور شرکاء نے اپنے صوبے کے سابقہ سال کے حاصل کردہ اہداف اور موجودہ سال کے مقررہ کردہ اہداف کی تصیل بتائی۔ ملک امین اسلم نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کی شفافیت کیلے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ اور ایولیشن کا قیام ناگزیر ہے اور تمام صوبوں کے شرکاء کو احکامات دیئے کہ سب دو دن کے اندر ایک ایم او یو تشکیل دیں اور یکساں اس پر عمل کریں تاکہ ایک سمت متعین ہو اور اس پر پیشرفت ہنگامی بنیادوں پر ہو۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ تمام صوبے فروری کے مہینے کے اختتام تک ایک دن شجرکاری کیلے متعین کریں اور اس میں میں خود حصہ لوں گا اور جس دن وزیراعظم عمران خان ٹری پلانٹیشن کا آغاز کریں گے پہلے ہی دن پورے پاکستان میں اس کا ہدف 50 لاکھ ہو گا۔ ملک امین اسلم نے تمام شرکاء سے شجرکاری کی نگہداشت اور لگائے گئے پودوں کی مانیٹرنگ کا طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شرکاء نے بتایا کے محکمہ جنگلات تمام درختوں کی نگہداشت محکمہ جنگلات کے ملازمین بذات خود اور ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ کرتے ہیں اور اس کے ساتھ دوسرے سرکاری ادارے اور بین الاقوامی تنظیمیں جس میں سپارکو، ورلڈ وائلڈ لائف فائونڈیشن، محکمہ پلانگ اور ڈویلپمنٹ اور ڈائریکٹوریٹ مانیٹرنگ مل کر شجرکاری کی نگہداشت اور پودوں کی سروایول کا جائزہ لیتے ہیں۔ محکمہ جنگلات پنجاب نے سابقہ سال 12.83 ملین کی شجرکاری کی۔ خیبرپختونخوا نے 18.06ملین، سندھ نے 11 ملین، بلوچستان نے 0.36 ملین، آزاد جموں اور کشمیر نے 3.25 ملین، گلگت بلتستان نے 0.08 ملین، محکمہ جنگلات فاٹا نے 6.72 ملین ، این ایچ اے نے 0.25 ملین ، وزارت دفاع نے 1.7 ملین کی شجرکاری کے اہداف حاصل کئے اور سال 2019ء کے بہار کیلے صوبہ پنجاب نے 12 ملین، سندھ نے 13 ملین ، خیبرپختونخوا نے 100 ملین، بلوچستان نے 1.2 ملین ، آزادکشمیر نے 4.881 ملین اور وزارت دفاع نے 2 ملین کے نئے اہداف حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔دیگر اداروں سمیت پورے پاکستان میں کل 142.60 ملین پودے لگائے جائیں گے۔