وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا مفاہمت کی یادداشت کی تقریب سے خطاب

116

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبہ پر موثر عمل درآمد کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلی، ریکٹ بینکیزر اور واٹر ایڈ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم،ریکٹ بینکیزر چیف ایگزیکٹیو آفیسر فہد اشرف اور واٹر ایڈ کے سربراہ صدیق احمد خان نے یادداشت پر دستخط کئے۔ پیر کے روزایمز سکول ایف ایٹ میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ نئی نسل کو کلین اینڈ گرین پاکستان دینا چاہتے ہیں اور اس منصوبہ کو احسن طریقہ سے پایا تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر ہمارا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ ریکٹ بینکیزر(آر بی) کلین گرین پاکستان مہم میں 100کروڑ روپے کی معاونت کررہی ہے اور انکے اس اقدام پر میںریکٹ بینکیزر انتظامیہ کا مشکور ہوں ۔انہوں نے کہا کہ اس مہم میں خاص طور پر سکول کے بچوں کو بھی شامل کیا جارہا ہے اور اسی مقصد کے لئے ایم او یو کی تقریب سکول میں منعقد کی گئی ہے تاکہ نئی نسل کو صفائی، صحت اور سرسبز پاکستان کے بارے بتایا جاسکے۔ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے اور اب ہم سکولوں کے بچوں کو شامل کرکے اس منصوبہ کو نئی جہت دے رہے ہیں،ابتدائی طور پر اسلام آباد اور گوادر کو فوکس کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اس اشتراک کا مقصد صحت اور حفظان صحت سے متعلق آگاہی دینا ہے تاکہ عوام میں اپنے گھر،محلوں کی صفائی کے لئے احساس ذمہ داری پیداکرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیسف کے ساتھ ملکر بھی 11ہزار سکولوں میں بیت الخلاءکو اپ ڈیٹ کررہے ہیں اور صحت کی دیگر سہولیات دے رہے ہیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹ بینکیزر چیف ایگزیکٹیو آفیسر فہد اشرف نے کہا کہ بطورپاکستانی ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ملک میں کسی بھی قسم کی مثبت تبدیلی میں اپنا کردار ادا کریں ،2017میں ہم نے "ہوگا صاف پاکستان”کے نظریے کے تحت اپنے ملک کو صحت مند اور صاف ستھرا بنانے کے لیے اس مہم کا آغاز کیا تھا اور آج تک لاکھوں پاکستانیوں تک صفائی ستھرائی کا پیغام پہنچاچکے ہیں۔ فہد اشرفن نے کہ وزرات موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ ہمارا اشتراک یقیناًہمارے موجودہ پروگرام کے دائرے کو بڑھانے میں اور اسے میڈیا کے ذریعے ملکی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گاان کا کہنا تھا کہ ہم قابل فخر تمام پاکستانیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ وطن عزیز کو صاف، صحت مند اور صاف ستھرابنانے کے اس مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واٹر ایڈ کے سربراہ صدیق احمد خان نے کہا کہ نئی نسل کو بیماریوں سے دور رکھنا اور انہیں صحت بخش ماحول فراہم ہمارا فرض ہے، آج ایک تاریخ رقم ہورہی ہے پرائیویٹ سیکٹر حکومت کے ساتھ اس عظیم منصوبہ کا ساتھی بن رہا ہے۔قبل ازیں ایمز سکول میں بچوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں صحت،صفائی اور شجرکاری کی اہمیت کے بارے کاٹورن پر مبنی ڈاکومنڑیاں دکھائی گئیں اور انعامات تقسیم کئے گئے۔