اسلام آباد ۔ 8 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ کے ایف ڈبلیو نامی جرمن بینک بلین ٹری سونامی منصوبہ کیلئے 13.5 ملین یورو فراہم کرے گا، یہ رقم خیبرپختونخوا میں شجرکاری کے منصوبوں کے حوالہ سے مانیٹرنگ، فائر فائٹنگ اور استعداد سازی کیلئے فراہم کی جائے گی۔ جرمن بینک کے نمائندوں نے پیر کو مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور منصوبہ کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد کی قیادت کے ایف ڈبلیو بینک کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر برائے گورننس شوکت علی کر رہے تھے۔ وفد نے کلائمیٹ چینج کے حوالہ سے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور اپنے ادارے کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کیلئے مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور ان سے مقابلہ کرنے کیلئے پوری دنیا کیلئے رہنما کا کردار ادا کر رہا ہے۔