وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں بریفنگ

181

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ محکمہ موسمیات کو وزارت موسمیاتی تبدیلی میں منتقل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ تمام متعلقہ محکمے اکٹھے ہو کر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ایک جامع و موثر پالیسی اور حکمت عملی اختیار کر سکیں، نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے جس کے تحت خشک سالی اور زیر زمین پانی کو ری چارج کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں، موجودہ حکومت کے بلین ٹری کے منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے، اس منصوبے پر صوبوں کے ساتھ مل کر اس پر کا م کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں کیا۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر ستارہ ایاز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاو¿س میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بھی اظہار خیال کیا۔ اجلاس میں ملک میں ہونے والے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور قدرتی آفات، زلزلے، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، آندھیوں اور طوفانوں کے حوالے سے این ڈی ایم اے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی گئی۔