اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):نجکاری کمیشن بورڈ کا 233 واں اجلاس جمعہ کو نجکاری کمیشن میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی صدارت میں اختتام پذیر ہو گیا۔
وزارت نجکاری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران بورڈ نے روزویلٹ ہوٹل کارپوریشن (آر ایچ سی) نیویارک کی نجکاری کے لئے مالیاتی مشیر جے ایل ایل کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے تیار کردہ لین دین کے سٹرکچرز پر تبادلہ خیال کیا اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کو پیش کرنے کے لئے لین دین کے سٹرکچرز سے متعلق اپنی سفارشات کو حتمی شکل دی۔
بورڈ نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) کی نجکاری کے لئے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کے بولی کا عمل بولیوں کے زیادہ ہونے کے باعث منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور فنانشل ایڈوائزر کی خدمات حاصل کرنے کے لئے دوبارہ اشتہار دینے کی ہدایت بھی کی۔
واضح رہے کہ نجکاری کمیشن بورڈ نے بجلی کی تقسیم کار تین ڈسکوز یعنی فیسکو، گیپکو اور آئیسکو میں نجی شعبے کی شراکت کے لئے جاری عمل کے لئے ایک ٹرانزیکشن کمیٹی کی منظوری بھی دی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584295