وزیراعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل، تجارت اور صنعت و پیداوار عبدالرزاق داﺅد کی ذرائع ابلاغ سے گفتگو

160

اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل، تجارت اور صنعت و پیداوار عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ حکومت تجارتی اور کاروباری برادری کو موثر اور جامع ٹیرف پالیسی دینے کے لئے پرعزم ہے، نیشنل ٹیرف پالیسی کا مسودہ (آج) جمعرات کو کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ بدھ کو وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پہلی دفعہ ٹیرف پالیسی کو کابینہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا جو کہ بڑا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ تجارتی اور کاروباری برادری کو 3 یا 4 سال کے لئے ٹیرف پالیسی دیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ آزادانہ طریقے سے کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تجارتی توازن بہتر ہو رہا ہے اور تجارتی خسارے میں تین فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دلوانے کے لئے موثر انداز میں کام کر رہی ہے۔