وزیراعظم کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے فاریکس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

80

اسلام آباد ۔ 28 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ سے منگل یہاں زرمبادلہ کا لین دین کرنے والے ڈیلروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان کر رہے تھے۔ وفد نے ملک کے زرمبادلہ میں بہتری لانے کیلئے مختلف اقدامات اور تجاویز بھی پیش کیں۔ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ افغانستان اور ایران کو ڈالروں کی سمگلنگ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور حکومتی اداروں کو غیرملکی کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث عناصرکے خلاف سخت اقدامات اٹھانا چاہئیے۔ وفد نے بتایا کہ پاکستان سے باہر جانے والے لوگ یومیہ 6 ملین ڈالر کازرمبادلہ ساتھ لے جاتے ہیں۔ وفد نے ڈالروں کے بہاﺅ کوکم کرنے کیلئے باہر جانے والے افراد کیلئے فارن کرنسی کی حد پر نظرثانی کی تجویز پیش کی۔ وفد نے بعض درآمد کنندگان کی جانب سے انڈر انوائسنگ پرتشویش کا اظہار کیا اور تجویز پیش کی کہ انڈرانوائسنگ میں ملوث امپورٹروں کے درآمدی سامان کوقبضہ میں لیکر اس کی نیلامی کرنا چاہئیے۔ وفد نے زرمبادلہ میں بہتری لانے کیلئے حکومت کو تعاون کا یقین بھی دلایا۔ مشیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز اور آراءپرمثبت انداز میں غور ہو گا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نویدکامران بلوچ، گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، وزارت خزانہ کے سینےئر افسران اور فارن ایکسچینج ڈیلرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔