وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات، خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

220

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے جمعہ کو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، ملاقات میں خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں رانا ثناء اللہ جن کے پاس وزارت بین الصوبائی رابطہ کا قلمدان بھی ہے، نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پی کی صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کو بات چیت اور باہمی مشاورت سے خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے لیکن اس کی آڑ میں کسی سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ملک میں کہیں بھی ریاستی رٹ کو کم نہیں ہونے دیا جائے گا، ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو جرم کی سزا نہ دی گئی تو انتشار اور افراتفری پھیلے گی، جو لوگ ریاست کے خلاف کھڑے ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران بدانتظامی کی وجہ سے صوبہ خیبر پختونخوا باقی تمام صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت مذموم مقاصد کے لیے ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے صوبائی حکومت کا ساتھ دینے پر زور دیا اور ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کی یونیورسٹیوں میں یوتھ گیمز متعارف کرانے اور فرسٹ کلاس کرکٹ کو بحال کرنا چاہتے ہیں جو کہ گزشتہ 15 سالوں سے غیر فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کرکٹ لیگ جلد از جلد شروع کی جائے گی۔