اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا ء اللہ نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ بدھ کو پارلیمنٹ لاجز میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سینیٹر عثمان بادینی ، اعجاز جاکھرانی اور خالد مگسی شامل تھے۔ ملاقات کے بعد مشیر رانا ثنا ء اللہ نے ذرائع ابلاغ سے اپنی بات چیت میں کہاکہ سردار اختر مینگل ہمارے بھائی اور سینئر سیاستدان ہیں ۔ بلوچستان میں ان کی جماعت کی بڑی اہمیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردار اخترمینگل کا فیصلہ سرپرائز تھا ، آج ہم ان سے بیٹھ کر بات کرنے کے لئے حاضر ہوئے ہیں، ان کی جو بھی ناراضگی ہے اسے دور کرنے کی کوشش کریں گے اور ان کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سردار اختر مینگل سے درخواست کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا حصہ رہیں اور بلوچستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے استعفیٰ واپس لینے کیلئے ان سے نظرثانی کی درخواست کی ہے۔ اس حوالے سے بات ہو گی اور ہمیں امید ہے کہ ہماری درخواست منظور بھی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اختر مینگل کے تحفظات سنے ہیں جن سے وزیراعظم اور متعلقہ حلقوں کو بھی آگاہ کریں گے، وزیراعظم کو بریفنگ کے بعد اگلا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔