وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کا تین روزہ قومی کتاب میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب

206

اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت ہر سال ملک کے نامور ادیب انتظار حسین کے نام سے دس لاکھ روپے مالیت کا ایوارڈ جاری کرے گی جس کے لئے ادیبوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ، ملک میں معیاری ترجمہ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومتی سطح پر دارالترجمہ کا ادارہ یا شعبہ قائم کیاجائے گا۔ مصنفین اور لکھاریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ’کاپی رائٹ ایکٹ‘ کے اطلاق اور اس ضمن میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ اعلان انہوں نے اتوار کو تین روزہ قومی کتاب میلہ کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ چین پاکستان دوستی مرکز میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی زیر سرپرستی ہونے والے نیشنل بک فاﺅنڈیشن (این بی ایف) نے ساتویں قومی کتاب میلہ کا انعقاد کیاتھا۔ اس موقع پرحال ہی میں انتقال کرجانے والے برصغیر کے نامور ادیب اور افسانہ نگار جوگندرپال کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔