وزیراعظم کے مشیر محمد عرفان صدیقی کا پی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال

253

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ محمد عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاسوں کی بڑی اہمیت ہوتی ہے جن میں اہم قومی امور زیر بحث آتے ہیں اور عوام کی امنگوں کی ترجمانی بھی کی جاتی ہے،پارلیمنٹ کے حالیہ مشترکہ اجلاس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنا ہے تاکہ دنیا کو بھارت کا اصلی چہرہ دکھایا جا سکے، گذشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام چوتھا ستون میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران بھی مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا اور مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے مظالم کا پردہ چاک کیا،انہوں نے دنیا کو یہ باور کرایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے اور انسانی حقوق کو سرعام پامال کر رہا ہے، پاکستانی دفتر خارجہ بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کام بڑے متحرک انداز میں سر انجام دے رہا ہے اور مختلف ممالک کو مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال کے حوالے سے خطوط بھی لکھے جا رہے ہیں