وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر کا پریس کانفرنس سے خطاب

207

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے برطانیہ میں مقدمہ دائر کرنے کے بجائے ڈیلی میلی کو شکایت کی ہے، جس صحافی نے خبر دی تھی وہ اب بھی اپنی خبر پر قائم ہے۔ اگر شہباز شریف سچے ہیں تو عدالت چلے جائیں،وہ عدالت گئے تو پھر میں اس عدالت میں جاﺅں گا اور ان کی کرپشن کے تمام ثبوت پیش کروں گا۔ اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف ڈیلی میل میں جو سٹوری چھپی تھی اس میں گزشتہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران مزید اپ ڈیٹس آئی ہیں جنھیں میڈیا کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ 14 جولائی کولندن کے ایک اخبار نے سٹوری شائع کی، شہباز شریف نے سٹوری شائع ہونے کے بعد قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ وزیر اعظم اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے۔مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ ایرا کے فنڈز میں ڈکیتی کے ذریعے علی عمران کو فائدہ پہنچایا گیا،دو سال اس مقدمے کی کوئی پیروی نہیں ہوئی اور 2018ءمیں شہباز شریف نے اپنے داماد کو فرار کروا دیا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 25 جولائی کو دعویٰ کیا کہ ہم نے برطانیہ میں مقدمہ دائر کر دیا ہے جبکہ وہاں سے پریس ریلیز جاری ہوئی ہے کہ شہباز شریف نے اخبار کو صرف شکایت کی ہے۔