وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ، محمد شہزاد ارباب کی زیر صدارت وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

61
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ، محمد شہزاد ارباب کی زیر صدارت وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ، محمد شہزاد ارباب کی زیر صدارت وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس شروع ہو گئے ،دو ہفتوں تک جاری رہنے والے ان اجلاسوں میں مالی سال 2021-22 کی دوسری سہ ماہی کے دوران وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق جائزہ کمیٹی میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، کیبنٹ ڈویژن، فنانس ڈویژن اور پلاننگ ڈویژن کے سینئر افسران شامل ہیں۔

اس موقع پر شہزاد ارباب نے کہا کہ کارکردگی کے معاہدے پابندی وقت کے ساتھ نتائج پر مبنی سروس ڈیلیوری میکنزم کی ترویج کے سلسلے میں بہترین گورننس ٹول ثابت ہو رہے ہیں۔ ان معاہدوں کے ذریعے تمام وزارتیں ملک کی ترقی کے لئے متنوع اہداف کے حصول کے لئے کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ دو مالی سالوں کے دوران وزارتوں کے ذریعے حاصل کئے جانے والے کل 1090 اہداف میں سے 426 اہداف مالی سال 2021-22 میں مکمل کئے جائیں گے، 488 اہداف مالی سال 2022-23 میں مکمل کئے جائیں گے جبکہ 176 جاری رہنے والے اقدامات ہیں۔

شہزاد ارباب نے کہا کہ وزارتوں کے مابین اہداف کی تکمیل کے سلسلے میں انحصار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کارکردگی کی بنیاد پر وزارتوں کی درجہ بندی کی جائے گی اور وزارتوں کی جائزہ رپورٹس وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔جن وزارتوں کی کارکردگی کا آج جائزہ لیا گیا ان میں سیفران، بورڈ آف انوسٹمنٹ، انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، خارجہ امور اور کامرس ڈویژن شامل ہیں۔