اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نیا پاکستان یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے خصوصی پیکج تیار کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اتوار کو یہاں ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نیا پاکستان یوتھ پروگرام سے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا اور ایسی حکمت عملی وضع کی جائے گی جس کے تحت وہ خود کو اور ملک کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے تخلیقی کام کر سکیں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی نوعیت کا ہے، نوجوانوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کو ادراک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عنقریب یوتھ پلس پورٹل قائم کی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے کچھ نئے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی موثر شرکت کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کو ملک کا اثاثہ سمجھتی ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی کے منشور میں بھی نوجوانوں کے کردار کو کلیدی حیثیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ تبدیلی کے عمل میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا ہے۔