اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو ان کی خواہش کے مطابق بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اس مسئلے پر سیاست کرنے کے بجائے اس ڈاکٹر کا نام بتانا چاہیئے جس سے ان کے قائد اپنا علاج کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک سے اپنا طبی علاج کرانے میں سنجیدہ ہی نہیں ہیں اسی لیے وہ ملک سے باہر جانے کے لیے ضد کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بدعنوانی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور تمام بدعنوان عناصر کا بلاتفریق احتساب کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی حکومتوں کے ادوار میں ایک دوسرے کے رہنمائوں کے خلاف کرپشن کے مقدمات درج کرائے لیکن آج وہ خود کو محفوظ بنانے اور اپنی کرپشن چھپانے کے لیے آپس میں ہاتھ ملا رہے ہیں۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نیشنل ایکشن پلان کو اس کی روح کے اعتبار سے نافذ کر رہی ہے۔