وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

69
حکومت نے ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کیلئے کامیاب نوجوان اور کامیاب سکلز سکالر شپ جیسے پروگرام متعارف کرائے ہیں، معاون خصوصی عثمان ڈار کی پی ٹی وی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی معاملات پر سیاست کرنے سے گریز کریں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی صحت پر پراپیگنڈہ کر رہی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے رہنماﺅں کو بدعنوانی کے الزامات سے بچانے کے لیے حکومت کے خلاف سازشیں کر رہی ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اندرونی معاملات سمیت گورننس کے مسائل پر بھی بات کر سکتی ہے لیکن اسے غیر ضروری معاملات پر بات نہیں کرنی چاہیئے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان کو حقیقی طور پر نافذ کرنے کے لیے اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتیں آگے آئیں اور حکومت کا ساتھ دیں۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی بھی قومی مفاد پر حزب اختلاف کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیانیے نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی انتخابی مہم کو تقویت بخشی ہے۔