اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر نوجوانوں کے امور بالخصوص دیہی علاقوں سے غربت کے خاتمے بارے امور کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان ڈار نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک ( این وائی ڈی ایف) کے حوالے سے بتایا جس میں نوجوان طبقے کو قومی ترقی میں شامل کرنا، روزگار کی فراہمی، اقتصادی خودمختاری ، سماجی رابطوں کے فروغ ، سماجی تحفظ، صحت اور عوامی فلاح وبہبود وغیرہ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ نوجوانوں کے امور پر کام کرنے والے قومی اداروں کی اصلاحات سے ملک کی سماجی ومعاشی ترقی کو یقینی بنایاجاسکے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا پی ایم وائی پی اور احساس کی ٹیمیں مل کر کام کریں گی تاکہ ایک موثر حکمت عملی سے نوجوانوں کو مالیات تک رسائی فراہم کی جاسکے۔ مزید برآں فیصلہ کیا گیا کہ کامیاب جوان اور احساس پروگرام کے ذریعے قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں نوجوان طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔