وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈارکی پریس کانفرنس

73

اسلام آباد ۔ 22 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرضے کے حصول کے لئے اب تک 2 لاکھ 59 ہزار 767 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، کامیاب جوان پروگرام کی ڈیجیٹل پورٹل پر بھارت سمیت دیگر ہیکروں نے سائبر حملے کئے ہیں جن کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے تحت شفاف طریقہ کار اور میرٹ کے ذریعے قرضوں کی فراہمی کے لئے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم تشکیل دیاگیا ہے۔ نوجوانوں نے بڑی تعداد میں آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کے لئے درخواستیں دے کر اس پروگرام کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے آغاز سے لے کر 2 لاکھ 59 ہزار 767 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ روزانہ 50 سے 80 ہزار کے درمیان درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پورٹل پر 16 لاکھ سائبر حملے ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک لاکھ 78 ہزار سائبر حملے بھارت سے کئے گئے ہیں جن کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ این ٹی سی کی انتظامیہ نے اس پورٹل کے لئے محفوظ اور فول پروف نظام وضع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران قرضوں کے حصول کے لئے 90 ہزار نوجوانوں نے درخواستیں دی تھیں کیونکہ اس وقت لوگوں کو لمبی لمبی قطاروں میں لگ کر بینکوں میں درخواستیں جمع کرانا پڑتی تھیں لیکن اب ملک بھر سے نوجوان قرضہ کے حصول کے لئے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو 45 پسماندہ اضلاع میں 10 ہزار سے ایک لاکھ تک بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔ ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک کے قرضوں پر شرح سود 6 فیصد ہو گی جبکہ 5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک قرضے پر 8 فیصد ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایکسٹرنل ایجنسی درخواست دہندہ سے متعلق معلومات حاصل کرے گی جبکہ درخواست کا سکور کارڈ بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کسی سیاسی مداخلت کے بغیر میرٹ پر قرضے دیئے جائیں گے۔ بینکوں کو قرضوں کی فراہمی کا عمل مکمل کرنے کے لئے 45 سے 50 دن کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔ امید ہے کہ دسمبرسے نوجوانوں میں قرضوں کی رقوم کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔