اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کی خدمات شجرکاری مہم میں بروئے کار لانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کا جذبہ قابل تحسین ہے، فورس کے رضاکاروں نے ایمرجنسی صورتحال میں بلامعاوضہ خدمات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ قومی رضاکاروں کی خدمات سرسبز پاکستان کے تحت شجرکاری مہم کیلئے حاصل کی جائے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار قومی جذبہ سے سرشار اور قومی خدمت کیلئے تیار ہیں، نوجوان شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے جوان محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ملک بھر میں شجرکاری مہم میں اپنا کردار ادا کریں گے، رضاکار پاکستان کو سرسبز و شاداب بنا نے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔