اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹریٹ میں چیف آرگنائزر تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی۔ملاقات میں9 اگست کو منائے جانے والے ٹائیگرز فورس ڈے اور ملک گیر شجرکاری کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں 9 اگست کے حوالے سے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔وزیراعظم کی کال پر لبیک کہتے ہوئے لاکھوں نوجوان رضاکارانہ طور پر میدان میں موجود ہیں۔ ٹائیگرز فورس کے رضاکار اتوار کو تاریخی شجرکاری کریں گے، نوجوان قوم کا حقیقی سرمایہ اور روشن مستقبل کی نوید ہیں، چیف آ رگنائز پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح اور ماحولیات کا تحفظ پاکستان تحریک انصاف کے انقلابی ایجنڈے کے بنیادی اجزاء ہیں، توانائی اور صلاحیتوں سے بھرپور یہ نوجوان ملک و ملت کی اٹھان کا وسیلہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تغیرات کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کیلئے اشجار و جنگلات کی افزائش وقت کا اہم تقاضا ہے، قومی خدمت کے جذبے سے سرشار یہ نوجوان ملک بھر میں درخت لگا کر آئندہ نسلوں کو تحفظ اور سلامتی کا پیغام دیں گے،تحریک انصاف فراہمی تعلیم سے انتظامِ روزگار تک کے ہر مرحلے پر اپنے نوجوانوں کی ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے نوجوانوں کی فلاح و ترقی کیلئے مزید توانائیاں صرف کریں گے۔