اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے تین سالہ دور میں افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے، اقتصادی ترقی کی شرح میں تیزی آئی ہے، پاکستان میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہو رہا ہے، اپوزیشن کو حکومت پر منفی کی بجائے مثبت تنقید کرنی چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں سیلز ٹیکس ریفنڈ کے چیک جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت قومی تعمیر کیلئے اقدامات کر رہی ہے، 5 بڑے برآمدی شعبوں کیلئے سیلز ٹیکس کا خاتمہ اور برآمدات کیلئے چھوٹ اہم اقدامات ہیں، جن سے برآمدی شعبے کو ترقی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چیمبرز آف کامرس اور کاروباری شخصیات سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں تاکہ ملک کا ریونیو بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکس وصولی کا ہدف پورا کیا ہے جس پر وہ مبارکباد کا مستحق ہے۔