وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

77

اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) وزارت اوورسیز نے بیرون ممالک جانے والے محنت کشوں کو بائیو میٹرک سسٹم سے منسلک کر کے ایجنٹس کی جانب سے ان کے استحصال کو ختم کر دیا ہے، بیرون ملک جانے والے تمام محنت کشوں کا مکمل ڈیٹا اب وزارت کے پاس موجود ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہم نے بیرون ممالک جانے والے محنت کشوںکے لئے بائیو میٹرک سسٹم شروع کیا ہے تو اس سے بہت بہتری آئی ہے کیونکہ اس سسٹم میں ہر چیز کی ٹریکنگ کی جاتی ہے، پہلے ہمارے پاس کسی کا کوئی ڈیٹا ہی نہیں تھا، آج کے زمانے میں ڈیٹا بہت اہمیت کا حامل ہے، دوسرے ممالک ڈیٹا حاصل کرنے کے لئے اربوں روپے خرچ کرتے ہیں، ڈیٹا سسٹم کے ذریعے ورکرز اور ان کے خاندان کی پوری تفصیلات تک ہماری رسائی ہے کہ کوئی ورکر کب اور کہاں گیا اور اس کی فیملی کہاں پر رہائش پذیر ہے، اس کی ترسیلات زر ملک میں کتنی آرہی ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ جب معاملات میں شفافیت آتی ہے تو ایجنٹس کا کردار کم ہوجاتا ہے، ایجنسٹس لوگوں کا اس وقت استحصال کرتے ہیں جب ان کے پاس کسی کام کی آگاہی نہیں ہوتی۔ باہر جانے والے ورکرز کو اپنے حقوق کا جس قدر زیادہ علم ہوگا اس سے وہ اپنے استحصال سے بچ سکیں گے۔ بائیو میٹرک سسٹم غریب شخص کے لئے بہت بڑی سہولت ہے، اب پورے ملک میں بائیو میٹرک سسٹم کی سہولت موجود ہے جہاں ورکرز خود کو رجسٹر کراسکتے ہیں۔