اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے امریکہ میں کام کرنے والی مسلمان تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی وزیرا عظم نریندر مودی کی انتہا پسند حکومت کے مظالم کا سامنا کرنے والے معصوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، مسلمان برادری کو کشمیریوں کی حمایت کرنی چاہیے کیونکہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے امریکہ کے شہر نیویارک میں مسلم اداروں کی سر براہی کرنے والے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے امریکی مسلمانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اجلاس میں امریکہ ،ترکی، عرب اور بنگالی اداروں کے علاوہ دیگر مسلمان تنظیموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ 5 اگست کو بھارت نے کشمیر پر قبضے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ دہایوں سے بھارتی افواج کے مظالم کا سامنا کرنے والے کشمیریوں کی جدوجہد ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور ہمیں اس موقع پر ان کا ساتھ دینا چاہیے،بھارتی تسلط سے نجات تک کشمیریوں کا ساتھ دینا ہو گا،کرفیو اور اطلاعات پر مکمل پابندی سے لاکھوں مظلوم کشمیریوں کی حالت زار کا پتا چلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات کے بعد کشمیر کی جدوجہد کامیابی کے قریب تر پہنچ چکی ہے اور اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت ہے۔