وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز کا سعودی عرب میں انسانی وسائل کی سب سے بڑی کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ

215
جواد سہراب ملک

ریاض۔15نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے سعودی عرب میں انسانی وسائل کی سب سے بڑی کمپنی مہارہ ہیومن ریسورس کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔

بدھ کو جاری بیان کے مطابق معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے اس موقع پر سی ای او عبدالعزیز الکاتھری سے ملاقات بھی کی۔ ان کے ہمراہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل بی ای او ای، جوائنٹ سیکرٹری امیگریشن اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بھی تھے۔ دورے کے دوران معاون خصوصی نے ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی دستیابی اور سعودی عرب میں آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانی پیشہ ور افراد کو ملازمت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تاریخی رشتے کو اجاگر کیا اور سعودی عرب کو ہنر مند لیبر فراہم کرنے کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کا اعادہ بھی کیا۔ مہارہ ہیومن ریسورس کی انتظامیہ نے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل کے منصوبوں کے لئے مزید پاکستانی کارکنوں کو ملازمت دینے پر غور کرنے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور سعودی معیشت میں ان کے تعاون کو بھی سراہا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کے پاس انجینئرنگ، آئی ٹی، صحت کی دیکھ بھال اور مہمان نوازی سمیت مختلف شعبوں میں ہنر مند اور تجربہ کار پیشہ ور افراد کا ایک بڑا مجموعہ موجود ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستانی ورکرز سعودی عرب کے وژن 2030 کے ترقیاتی اہداف میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

معاون خصوصی کی قیادت میں وفد نے مہارہ ہیومن ریسورس کی ٹریننگ اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔ مہارہ ہیومن ریسورس ہیڈ کوارٹر کا دورہ پاکستانی حکومت کی جانب سے سعودی عرب میں پاکستانی کارکنوں کے لئے روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے سلسلے میں اقدامات کا حصہ ہے۔ حکومت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستان اور سعودی عرب دونوں کے لئے باہمی طور پر فائدہ مند مواقع پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔