اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر نے ملاقات کی۔اس اعلیٰ سطح اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم، چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کاروباری برادری، پانی کی فراہمی، لائسنسنگ اور پارکنگ جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر سرکاری افسر کا فرض عوامی خدمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو درپیش تمام مسائل کو فوری اور موثر انداز میں حل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے باہمی تعاون سے کاروباری برادری کے تمام مسائل کا حل ممکن بنایا جائے گا۔
ہارون اختر خان نے اسلام آباد کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور دیکھ بھال میں سی ڈی اے کے اہم کردار کو سراہا اور کاروباری شعبے کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔مسائل کے موثر حل کو یقینی بنانے کے لیے ہارون اختر خان نے سی ڈی اے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ کمیٹی کی پیش رفت اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے بارے میں باقاعدہ اور بروقت رپورٹس ان کے دفتر میں پیش کی جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601558