وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

96

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب صوبہ قائم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کرے گی اور 30 جون 2019ءکو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صوبے کے قیام سے اقتصادی محرومی کا خاتمہ ہو گا اور گورننس سے متعلق معاملات بھی حل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے کے قیام کے حوالے سے حکومت تمام اپوزیشن جماعتوں کو بھی آن بورڈ لے گی اور اگر اپوزیشن جماعتوں نے اس اقدام کی مخالفت کی تو وہ ٹھوس وجوہات سامنے لائیں گے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل مرکز سے فنڈز کی برابر تقسیم میں بھی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام قومی معاملات پر بالکل درست سمت پر گامزن ہے اور امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خوشحال پاکستان کا خواب پورا کرے گی۔ افتخار درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے 100 روز مکمل ہونے کے بعد خود کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے جو سابقہ حکومتوں کے ادوار میں کبھی نہیں ہوا تھا۔