اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):گوگل کے گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی لیڈ برائے جنوبی ایشیا کائل گارڈنر نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی اور آن لائن سیفٹی اور سائبر سکیورٹی سے متعلق اہم چیلنجز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کائل گارڈنر نے پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں گوگل کی مسلسل سرمایہ کاری کا خاکہ پیش کیا اور اقتصادی ترقی، سیکورٹی اور جدت کو فروغ دینے کے لئے کمپنی کے عزم پر زور دیا۔
انہوں نے آن لائن حفاظت، ڈیجیٹل خواندگی اور تیزی سے تیار ہوتے ڈیجیٹل منظر نامے میں ثقافتی اقدار کے تحفظ جیسے اہم مسائل کو حل کرنے کے لئے عوامی اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات کے علاوہ گفتگو میں سائبر سکیورٹی سے متعلق چیلنجوں کا بھی احاطہ کیا گیا جس میں سائبر خطرات سے صارفین کا تحفظ، نیز اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اتفاق کیا گیا کہ آن لائن پلیٹ فارمز ایک محفوظ اور باعزت ڈیجیٹل ماحول کیلئے ازحد ضروری ہے۔
کائل گارڈنر نے کہا کہ ہم پاکستانی حکومت اور مقامی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں تاکہ ایک محفوظ اور زیادہ جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم بنایا جا سکے جو جدت کو فروغ دیتا ہے، ثقافتی اقدار کا احترام اور ملک بھر کے صارفین کے لئے مجموعی ڈیجیٹل تجربے کو بڑھاتا ہے۔فریقین نے ان اقدامات کے لئے اپنی مسلسل حمایت کا اظہار کیا جس کا مقصد ڈیجیٹل خواندگی کو بڑھانا، معلومات تک رسائی میں اضافہ اور پاکستان میں ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے۔