کراچی۔9دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لیے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کراچی کے دستیاب وسائل کو بھرپور انداز میں استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو تمام دستیاب سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کراچی کا دورکے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے صدارت کرتے ہوئے کیا۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سینئر سیاستدان امتیاز صفدر وڑائچ نے بطور خصوصی مبصر اجلاس میں شرکت کی۔ تسنیم قریشی نے ہدایت کی کہ ای پی زیڈ اے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرے، اتھارٹی کی بہتری اور ترقی کے لیے مختص کردہ اراضی کے مئوثر استعمال کے لیے اقدامات کرے۔ خصوصی مبصر امتیاز صفدر وڑائچ نے پیداوار میں کمی کو دور کرنے میں پیشرفت اور ترقی کے لیے نئے طریقے اور منصوبے بنانے کا مشورہ دیا۔
چیئرمین ای پی زیڈ اے ڈاکٹر سیف الدین جونیجو، سیکرٹری انجینئرناصر ہدایت خان اور دیگر حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے توانائی کے بحران اور دیگر مسائل کی نشاندہی کی جو برآمدات کے حجم میں اضافے میں بڑی رکائوٹ ہیں۔ای پی زیڈ اے کی طواراقی اسٹیل ملز 100 سے 200 ملازمین کی افرادی قوت کے ساتھ 1.28 میٹرک ٹن لوہا تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اورملزمیں قدرتی گیس کی مطلوبہ فراہمی سے دوبارہ کام شروع کیا جا سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز نے بنگلہ دیش کی برآمدات کو 8 ارب ڈالر تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا اور وہ مزید 100 ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔