وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک کے سعودی کمپنیز ایف این آر سی او اور مہارہ کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

240
Jawad Sohrab Malik
Jawad Sohrab Malik

ریاض۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے پاکستانیوں کے لئے روزگار کے مزید مواقع کو محفوظ بنانے کے لئے اہم سعودی کمپنیز ایف این آر سی او اور مہارہ کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر دستخط کئےجن کا مقصد تعاون کو تقویت دینا اور سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر مختلف منصوبوں کے لئے پاکستانی کارکنوں اور پیشہ ور افراد کی بھرتی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق دستخط شدہ معاہدوں میں پاکستان میں تربیتی اور واقفیت کے مراکز کے قیام کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جو سعودی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق مہارت کی ترقی کی ضروریات کو پورا کریں گے۔

معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تعاون ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے جس سے پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کے لئے بھرتی کی راہیں ہموار ہوں گی۔ انہوں نے پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب کے وژن 2030 کے مقاصد میں حصہ ڈالنے کے مواقع فراہم کرنے سمیت دونوں ممالک کے باہمی فائدے پر زور دیا۔ ایف این آر سی او سعودی عرب کی ایک ممتاز کمپنی ہے جو انتظامی حل اور پراجیکٹ مینجمنٹ میں مہارت رکھتی ہے اور اس کی توجہ اعلیٰ تعلیم یافتہ انسانی وسائل کی بھرتی پر ہے، کمپنی سعودی عرب کے بڑے منصوبوں بشمول نیوم پروجیکٹ، میں مصروف ہے، ایف این آر سی او سعودی جاب مارکیٹ میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر جانا جاتاہے۔

مہارہ ہیومن ریسورس کمپنی سعودی عرب میں انسانی وسائل کے حل فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے اور بھرتی، عملہ، پے رول، آؤٹ سورسنگ اور تربیت جیسی خدمات کی ایک جامع رینج پیش کرتی ہے۔ایک کامیاب ٹریک ریکارڈ کے ساتھ، مہارہ نے سعودی عرب میں بڑے اداروں کے ساتھ تعاون کیا ہے، بشمول سعودی آرامکو، ایس اے بی آئی سی، اور ایس ٹی سی۔ پاکستان کے ساتھ ایف این آر سی او اور مہارہ کی شراکت داری ایک سٹرٹیجک اقدام کی نشاندہی کرتی ہے جو دونوں ممالک کے فائدے کے لئے افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔