اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری سے پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے جمعرات کو ملاقات کی۔ نیوزی لینڈ حملوں میں متاثرہ پاکستانی خاندانوں کے ساتھ رابطہ میں اہم کردار ادا کرنے پر معاون خصوصی نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ذوالفقار بخاری نے کہا کہ شہید پاکستانیوں کے اہلخانہ کےلئے فوری ٹرانزٹ ویزا دینے پر وہ آسٹریلوی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آسٹریلوی سفیر مارگریٹ ایڈمسن نے ذوالفقار بخاری کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ذوالفقار بخاری مسلسل رابطہ میں رہے۔ شہید پاکستانیوں کے اہلخانہ کو نیوز ی لینڈ پہنچانے میں معاون خصوصی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ مساجد حملے افسوسناک ہیں، آسٹریلوی حکومت نیوزی لینڈ حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے کہا کہ حملہ آور درندہ صفت ذہنیت کا مالک تھا، ہمیں نفرت آمیز رویوں کو شکست دینی ہے، کسی کو بھی یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی مذہب یا نسل کے خلاف تعصب کو استعمال کرکے لوگوں کو نقصان پہنچائے۔ پاکستان میں نیوزی لینڈ کے اعزازی سفیر معین فدا کی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ شہید پاکستانیوں کے اہلخانہ سے 15 افراد کو فوری طور پر نیوزی لینڈ بھجوانے کےلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ ذوالفقار بخاری نے نےوزی لینڈ کی وزیراعظم کو ان کے جذبہ کی وجہ سے سلام پیش کیا ہے ۔