اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری نے وزارت اوورسیز پاکستانیز میں کال سرزمین شکایت سیل کا افتتاح کر دیا ہے۔ بی بلاک سیکرٹریٹ میں وزارت سمندر پار پاکستانیز کی ویب سائٹ، کال سرزمین شکایت سیل اور ای گورننس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ وزارت اوورسیز میں کال سرزمین شکایت سیل کا قیام وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہے، یہ شکایت سیل سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے جسے وزیراعظم شکایت سیل سے منسلک کیا جائے گا، اس سیل سے دنیا بھر میں جہاں بھی پاکستانی موجود ہیں جن کے نائیکوپ یا پاکستانی پاسپورٹ نہیں ہے وہ بھی اس سیل میں اپنی شکایت درج کرا سکیں گے اور ان کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔