اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی عمل پیرا ہے، بھارت سے کشمیر سمیت تمام معاملات کے حل کے لیے بامقصد اور غیر مشروط مذاکرات چاہتے ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف ہر اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہے ہیں تاکہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت مل سکے، چین پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کی رہنمائی بھی کر رہا ہے جس سے آنے والے چند برسوں میں یہاں واضح تبدیلی نظر آئے گی اور ملک مزید ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تو ماضی میں بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی و افراتفری سمیت تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ بھی بھارتی روابط تھے جس کے ہمارے پاس واضح ثبوت بھی موجود ہیں۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا یہاں سے پکڑے جانا اور اس کا بھارتی نیوی میں حاضر ڈیوٹی ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے جرم کا اعتراف کرنا بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=50682