اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اور نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ کے چیئرمین سیّد ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحوں کیلئے ایک پرکشش ملک ہے اور حکومت سیاحت کو ایک قومی کاز کے طور پر فروغ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو پاکستان ٹورازم سمٹ کے بارے میں منعقد کی گئی تھی جس کا انعقاد اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور لینڈ مارک کمیونیکیشن مشترکہ طور پر 2 اور 3 اپریل کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں کریں گے۔ سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سیاحت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت ایک بہت منافع بخش صنعت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ آگے آئے اور سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے مختصر اور طویل المدت منصوبہ سازی کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت خاص طور پر مقامی سیاحوں پر زیادہ توجہ دے گی کیونکہ جب مقامی سیاحت بہتر ترقی کرے گی تو اس سے غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے غیر ملکیوں کیلئے این او سی کی شرائط ختم کر دی ہیں جس سے سیاحت کو کافی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کو تشکیل نو کی جائے گی تاکہ یہ ادارہ سیاحت کے فروغ میں فعال کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے چیمبر اور لینڈ مارک کمیونیکیشن کی طرف سے پاکستان ٹوارزم سمٹ منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ سیاحت کی ترقی کیلئے اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت ہے اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت ایسی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے، چیمبر اور لینڈ مارک کمیونیکیشن نے مشترکہ طور پر پاکستان ٹورازم سمٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ پاکستان میں سیاحت کیلئے پائی جانے والی صلاحیت کو بہتر طور پر اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آئندہ بھی لینڈ مارک کمیونیکیشن کے تعاون سے اس طرح کے پروگرام ہر سال منعقد کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ سمٹ میں سیاحت کے تقریبا سات موضوعات پر پینل کی سطح پر بات چیت کی جائے گی جن کے نتیجے میں سیاحت کے بہتر فروغ کیلئے مفید تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ان تجاوزیز کو عملی جامہ پہنانے کی ہر ممکن کوشش کرے تاکہ پاکستان سیاحوں کی پرکشش منزل بن سکے۔ لینڈ مارک کمیونیکیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد علی ہمدانی نے کہا کہ پاکستان ٹوارزم سمٹ ریاست کے اہم اداروں، نیشنل لیڈرشپ، بزنس اور کارپوریٹ شعبے کے نمائندگان، ڈپلومیٹک ڈائسپورا، میڈیا، سماجی قائدین، سول سوسائٹی اور انٹرنیشنل سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ٹوارزم کو فروغ دینے کیلئے تجاویز دی جائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے نہ صرف پاکستان میں سیاحت کو بہتر فروغ ملے گا بلکہ دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دینے کی طرف بھی مثبت پیشرفت ہو گی جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ مارک کمیونیکیشن نے کراچی ایکسپو سنٹر میں پاکستان ٹریول مارٹ کے نام سے ایک کامیاب تجارتی نمائش منعقد کی تھی اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کے تعاون سے ان کا ادارہ پاکستان ٹوارزم سمٹ کو بھی کامیابی سے منعقد کرے گا۔