اسلام آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہدور حاضر میں صنعتی ترقی کے لئے ہنرمند افرادی قوت خصوصانوجوانان پاکستان کی بلاشبہ بڑی اہمیت ہے، ملک کے قیمتی اثاثہ اور ملکی ترقی میں اہم ترین کردار کے باعث وزیراعظم عمران خان کی خاص ہدایات پر نوجوانوں کو ہنرمند اور مہارت یافتہ بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کویوتھ سکلز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ملک کے قیمتی اثاثہ اور ملکی ترقی میں اہم ترین کردار کے باعث وزیراعظم عمران خان کی خاص ہدایات پر نوجوانوں کو ہنرمند اور مہارت یافتہ بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہنر مند پاکستان شروع کیا گیا۔ اس پروگرام میں پہلی بار ایک لاکھ نوجوانوں کے لئے زیادہ طلب والے کورسز مشین لرننگ، مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ، ویب کی تیاری اور ایپلیکیشنز کی تیاری وغیرہ میں بلا معاوضہ تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ ہمارے نوجوان ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانان پاکستان! دور حاضر میں صنعتی ترقی کے لئے ہنرمند افرادی قوت کی بلاشبہ بڑی اہمیت ہے۔ اسی ضرورت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے ٹیکنیکل اور پیشہ وارانہ شعبہ کی ترقی کے لئے خصوصاً نوجوانوں جبکہ عمومی طور پر ”ہنرمندی سب کے لئے“ کی حکمت عملی تشکیل دی، جس کے تحت تربیتی مراکز میں جدید آلات کی فراہمی اور انڈسٹری کے تعاون سے تربیتی نصاب کی ازسرنو تشکیل، اساتذہ کی بین الاقوامی سطح پر تربیت، تربیتی اداروں کی بین الاقوامی اداروں سے سرٹیفکیشن اور مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ٹیکنیکل تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لئے تیار کرنے اور انہیں ملازمتوں کے حصول میں مدد کی فراہمی کے لئے پورے ملک میں سہولیات کے مراکز کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس سے ہنرمند نوجوان نہ صرف بیرونی ممالک میں ملازمتیں حاصل کر سکیں گے بلکہ ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کا باعث بھی بنیں گے۔ میں نوجوانوں سے وزیراعظم عمران خان کے کامیاب جوان پروگرام میں شامل ہو کر خود کو جدید مہارتوں اور ہنرمندی سے آراستہ کرنے کی امید کرتا ہوں اور میں پرامید ہوں کہ مہارت یافتہ نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور اقتصادی مضبوطی میں اہم کردار ادا کریں گے۔