وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا نمل یونیورسٹی میں کامیاب جوان پروگرام سے خطاب

121
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا نمل یونیورسٹی میں کامیاب جوان پروگرام سے خطاب

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نوجوانوں کو اپنے کاروبار کیلئے شخصی ضمانت پر قرضے کی حد کو دوگنا کرکے آئندہ ماہ 20 لاکھ روپے کر دیا جائے گا۔

وہ جمعہ کو نمل یونیورسٹی میں کامیاب جوان پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 17 ہزار نوجوانوں کو اس کیلئے حقدار قرار دیا گیا ہے، اس کیلئے 15 ارب روپے پارک کر دیئے گئے ہیں اور اس میں سے 10 نوجوان اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت ہے کہ 2 سے 3 لاکھ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرانا ہے اور یہ ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ انہوں نے اپنے لئے اور دوسروں کیلئے روزگار پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ رسک نہیں لیں گے کامیابی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں جانے کیلئے لوگ اس لئے گھبراتے ہیں کہ نقصان نہ ہو جائے، حکومت اس میں آپ کی معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری چیز کامیاب نوجوان سکلز سکالرشپ ہے، نمل یونیورسٹی میں بہت صلاحیت ہے، ہمیں یہاں ایک ہزار سکالرشپ دینی چاہئے، ہمیں ان اداروں میں سرمایہ کاری کرنا ہے جو نوجوانوں کو کچھ سکھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کو صرف چھوٹے ہنرز میں تربیت فراہم کی جاتی رہی، وزیراعظم عمران خان کا وژن تھا کہ نوجوانوں کو 21ویں صدی کی تربیت فراہم کریں گے اور اس کیلئے ہم نے نوجوانوں کو 50 ہزار ہائی ٹیک ہنرز میں تربیت دی ہے، آج کے دور میں روزگار کیلئے سکل سیکھنا بہت ضروری ہے اس لئے حکومت سکل میں نوجوانوں کو سکالرشپ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم نوجوانوں کی مدد کیلئے متحرک ہے اور جس کو جہاں مدد چاہئے اس کو فراہم کی جا رہی ہے، اس پروگرام سے نوجوان تیزی سے روزگار حاصل کر رہے ہیں۔