وزیراعظم کے معاون خصوصی و چیئرمین نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ ذوالفقار بخاری کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

66
نجی شعبہ کو سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ، سید ذوالفقار بخاری
نجی شعبہ کو سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ، سید ذوالفقار بخاری

اسلام آباد ۔ 27 مارچ (اے پی پی) ملک میں سیاحت کے فروغ کےلئے حکومت نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ کے چیئرمین ذوالفقار بخاری نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ذوالفقار بخاری نے کہا کہ حکومت نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپویشن کےلئے پروفیشنل شخص کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی ڈی سی کی تشکیل نو کے پراسس کا آغاز کر دیا ہے، نینشل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ نے پی ٹی ڈی سی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی بھرتیوں کا سراغ لگایا ہے اور کابینہ ان ملازمین کی قسمت کا فیصلہ کرے گی۔ حکومتی ٹورازم پالیسی کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے ذوالفقار بخاری نے کہا کہ ہم نے ٹورازم کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے، ٹورازم بورڈ کا بنیادی مقصد مقامی سیاحت کو فروغ دینا ہے اور اس کی بنیاد پر غیر ملکی سیاحوں کو اس کی جانب راغب کیا جائے گا۔ دور رس پالیسی کے تحت ملک میں ساحلوں کو پھیلایا جائے گا، ریزارٹس، فائیو سٹار ہوٹلز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی، کلچر، تاریخی ورثوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے تمام صوبائی اتھارٹیز کو حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔