اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے امید ظاہر کی ہے کہ سخت اقدامات کے بعد کورونا وائرس پر قابو پا لیں گے، پاکستان میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 89 کیسزکی تصدیق ہوئی ہے، ملک بھرمیں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 892 ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، جس طرح صورتحال تبدیل ہو گی حکومتی اقدامات میں بھی تبدیلی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں کوششیں کر رہی ہیں کہ لوگ گھروں میں رہیں، سخت اقدامات کے بعد امید ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دیکھ بھال کرنے والوں کو بنیادی تربیت دی جائے گی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 89 کیسزکی تصدیق ہوئی ہے، ملک بھرمیں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 892 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، 635 مریض ہسپتالوں میں داخل جبکہ 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے پس منظر میں معاشی تحفظ سے متعلق پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کےلئے ایک ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں کوشش کر رہی ہیں کہ عوام گھروں تک محدود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 892 مریض ہیں، پاکستان میں کورونا وائرس کے 7 ہزار 736 مشتبہ کیسز ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت تمام اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 195 ممالک میں کورونا کے 3 لاکھ 82 ہزار مریض ہیں، دنیا بھر میں کورونا کے ایک لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔