وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کی پارلیمنٹ ہائو س کے باہر میڈیا سے گفتگو

36

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ (آج) جمعہ کو ملک بھر میں گرین فرائیڈے منایا جائے گا، علماءو مشائخ عوام کو ماحولیات اور کورونا ویکسین کے حوالے سے آگاہی دیں گے، اسلامی ممالک کے حوالہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی واضح ہے، ہم تمام اسلامی عرب ممالک کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وقف املاک ایکٹ کے حالے سے سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماءو مشائخ، تمام صوبوں کے نمائندے اور مدارس بورڈز کے نمائندے شریک تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے ممبران اپنی آراءاسلامی نظریاتی کونسل کو ارسال کریں گے اور اسلامی نظریاتی کونسل علماءو مشائخ ، وزارت قانون و فنانس کی مشاورت سے سفارشات مرتب کرے گی۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ علماءومشائخ ، مدارس و مساجد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونے چاہئیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے علماءو مشائخ ، آئمہ و خطباءسے اپیل کی کہ وہ 4 جون کے جمعہ مبارک کے خطبات میں ماحولیات اور کورونا ویکسین کے حوالے سے عوام الناس کو آگاہ کریں، شجر کاری، پانی کے ضیاع کو روکنا، صفائی کا خیال رکھنا، شریعت اسلامیہ کا حکم ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کورونا ویکسین لگوانے سے شریعت اسلامیہ نہیں روکتی، شریعت اسلامیہ کا حکم ہے کہ خود بھی محفوظ رہو اور دوسروں کو محفوظ بناﺅ لہذا جمعہ مبارک کے خطبات میں عوام الناس کو اس حوالہ سے بھی آگاہی دی جائے گی۔ دریں اثناءوزیراعطم کے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیمی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔