اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا امور اختیار ولی خان نے گلگت بلتستان کے تین باشندوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے غذر ڈسٹرکٹ میں حالیہ گلیشیائی جھیل پھٹنے (گلاف)کے واقعے کے دوران فوری اطلاع دے کر تقریباً 300 قیمتی انسانی جانیں بچائیں۔منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک پیغام میں اختیار ولی نے وصیت خان، انصر اور محمد خان کی جرأت اور بروقت اقدام کو سراہا جنہوں نے برفانی تودہ گرنے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ اور آبادی کو خبردار کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کا اپنی ، حکومت اور 24 کروڑ عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ نے فوری اطلاع دے کر ذمہ داری اور دردِ دل کے ساتھ بروقت کردار ادا کیا، آپ نے ایک عظیم قومی خدمت انجام دی جو کہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، آپ واقعی قوم کے ہیرو ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تینوں افراد کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دارالحکومت مدعو کیا گیا تاکہ انہیں باقاعدہ طور پر خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔