وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی کا ٹویٹ

200
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی کا ٹویٹ

جہلم۔2جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے عید الاضحی کے موقع پر جہلم کی ضلعی انتظامیہ، طالب علموں اور دیگر افراد کی طرف سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لئے خصوصی بیگز کی تقسیم اور رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے پر انہیں سراہا ہے۔

اتوار کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ این اے 60 کے دیگر علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ان کی ٹیم نے قربانی کے بعد بروقت صفائی یقینی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ دفتر میں مجھے ملنے والے حلقے کے لوگوں نے بھی اس کی تصدیق کی۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی نے کہا کہ مختلف علاقوں کے دورے کے دوران ذاتی طور پر میں نے خود بھی صفائی کی صورتحال دیکھی ہے جس پر میں نے سمیع اللہ فاروق کو فون کر کے عید الاضحی پر آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے، صفائی کرانے اور پھر عرق گلاب کا سپرے کرانے پر انہیں اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ میں یونیورسٹی کے ان طالب علموں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے رضاکارانہ خدمات انجام دیتے ہوئے شہر میں آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لئے خصوصی بیگز تقسیم کئے۔