وزیراعظم کے کورونا کی علامات بہت معمولی نوعیت کی ہیں ،‏ ڈاکٹر فیصل سلطان

35

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):‏وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی صحت اب بہت اچھی ہے،وزیراعظم کے کورونا کی علامات بہت معمولی نوعیت کی ہیں ۔ہفتہ کو اپنے ایک وڈیو پیغام انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 18 تاریخ کو کورونا ویکسین لگوائی تھی۔انھوں نے کہا کہ کوئی بھی ویکسین فورا اثر نہیں دکھاتی، اینٹی باڈیز پیدا ہونے میں دو سے تین ہفتے لگتے ہیں ۔

وزیراعظم کو جب ویکسین کی پہلی ڈوز لگی تو ایسا لگتا ہے کہ ان کے جسم میں وائرس پہلے سے موجود تھا۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم سے جن افراد کا براہ راست رابطہ ہوا تو ان کو بھی خود کو علیحدہ کر لینا چا ہیے۔ملک بھر میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک میں کورونا کاپھیلاؤ9 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔60 سال سے زیادہ افراد کو کورونا ویکسین لگوائی جائے۔انھوں نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے تمام ایس او پیز پر مکمل عمل کریں ۔