اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کو وسعت دی ہے اور لیپ ٹاپس کے لیے قرضہ اور ممکنہ بیرون ملک مقیم ورکرز کو سپورٹ فراہم کرنے کے لیے ٹیئر4 کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام 4 ایز تعلیم، روزگار، مشغولیت، اور ماحولیات کے فریم ورک کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ اس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو ضروری ہنر، وسائل اور خود انحصار بننے کے مواقع سے آراستہ کرکے بااختیار بنانا ہے، نوجوانوں کو معلومات تک رسائی کیلئے ڈیجیٹل یوتھ ہب قائم کیا گیا ہے، نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے ان کی مشاورت سے نیشنل یوتھ اینڈ ایڈولسنٹ پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔
پیر کو جاری اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم15 کمرشل، اسلامی اور ایس ایم ای بینکوں کے ذریعے آسان شرائط اور کم شرح سود پر کاروباری قرضے فراہم کر کے نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیتی ہے ، لیپ ٹاپس کے لیے مالیات کی فراہمی اور ممکنہ بیرون ملک مقیم ورکرز کو سپورٹ فراہم کرنے کے لیے ٹیئر 4 کو شامل کیا گیا ہے۔
لیپ ٹاپ سب کے لیے سکیم کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے ضروری آلات کی خریداری میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ اہل درخواست دہندگان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تسلیم شدہ اداروں کے طلبا، فری لانسرز اور 18 سے 30 سال کی عمر کے کاروباری افراد شامل ہیں۔ قرض کی مدت چار سال ہوگی، جس کی ادائیگی مساوی ماہانہ اقساط اور صفر شرح سود کے ساتھ ہوگی۔
بیرون ملک جانے کے خواہشمند نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے تحت ہنر کی تربیت، سفر اور ویزا کے اخراجات، اور سیٹلمنٹ کے ابتدائی اخراجات کو پورا کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا۔
اہل درخواست دہندگان میں 21 سے 45 سال کی عمر کے کارکنان شامل ہیں جن کے پاس جاب لیٹر یا لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے بھرتی کی دستاویز ہو، قرض کی مدت پانچ سال تک ہوگی جس کی ادائیگی مساوی ماہانہ اقساط میں ہوگی۔ پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی طرف سے پورے پاکستان میں 861 وظائف دیئے گئے جن میں کل 250 ملین روپے تقسیم کیے گئے۔
وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب پاکستان کے نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چار بنیادی شعبوں کے تحت تمام مواقع سے منسلک کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یونیسیف – جنریشن انلمیٹڈ کے تعاون سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل یوتھ ہب پاکستان کا پہلا قومی پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں کو ان مواقع سے جوڑنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ پروگرام نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت پر مبنی سفارشات اور وسائل تک ذاتی رسائی فراہم کر کے مزید بااختیار بنائے گا اور ترقی میں معاونت کرے گا۔ پاکستان فعال طور پر ایک نیشنل یوتھ اینڈ ایڈولسنٹ پالیسی تیار کر رہا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد ملک میں نوجوانوں کی ضروریات اور خواہشات کو براہ راست پورا کرنا ہے۔