35.5 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومقومی خبریںپرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز...

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز IV کے لیے درخواستوں کا باضابطہ اندراج شروع

- Advertisement -

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم (پی ایم ایل ایس) فیز IV کے لیے درخواستوں کا باضابطہ اندراج شروع ہو چکا ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد پاکستان بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہونہار طلباء میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کر کے طلباء کو با اختیار بنانا ہے۔وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس سکیم کے تحت منصفانہ اور میرٹ پر مبنی تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے اہلیت کے رہنما ءخطوط کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

پی ایچ ڈی، ایم ایس/ایم فل، بیچلر (4 یا 5 سالہ) اور ماسٹرز (16 سال/ایم بی اے 1.5 سال) پروگراموں میں داخلہ لینے والے طلباء اس سکیم کے تحت رجسٹریشن کرانے کے اہل ہوں گے۔طلبہ کیلئے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ پبلک سیکٹر کے اعلیٰ تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے۔طلباء کا فی الحال درخواست کے وقت اور لیپ ٹاپ کی تقسیم کے دوران اندراج ہونا ضروری ہے۔گریجویٹ طلباء اہل نہیں ہیں، چاہے وہ اندراج کے دوران درخواست دیں۔ درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ سمسٹر سسٹم میں 2.80 یا اس سے اوپر کا CGPA یا سالانہ سسٹم میں 60 فیصد نمبر ہونا چاہئیں۔

- Advertisement -

پہلے سال کے طلباء کو ہائیر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ کے نمبر سی جی پی اے میں تبدیل کر کے جمع کروانے چاہئیں۔ اسی طرح ایم ایس/ پی ایچ ڈی پہلے سمسٹر کے طلباء کو اپنی آخری مکمل ڈگری کے نتائج جمع کروانے چاہئیں۔ ایچ ای سی کے معیاری فارمولے کا جی پی اے سے فیصد کی تبدیلی پر عمل کیا جائے گا۔مزید برآں بلوچستان کے اعلی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کے لیے 18 فیصد کوٹہ جبکہ فاصلاتی تعلیم کے طلباء کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص ہے جس میں ورچوئل یونیورسٹی کے 2.5 فیصد جبکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کیلئے بھی 2.5 فیصد کوٹہ مختص ہے۔

لیپ ٹاپس شفاف انتخابی عمل کے بعد محکموں اور ڈگری پروگراموں میں میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ طلباء اب پرائم منسٹرز ڈیجیٹل یوتھ ہب (ڈی وائی ایچ) ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں یا پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کی آفیشل ویب سائٹ www.pmyp.gov.pk پر جا سکتے ہیں، جو اب لائیو اور آپریشنل ہے۔ تمام درخواست دہندگان کو جلد درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

عارضی میرٹ لسٹ شائع ہونے کے بعد کسی بھی اعتراض یا شکایت کے اندراج کے لیے 15 دن کی مدت فراہم کی جائے گی۔ تمام خدشات دور کرنے کے بعد حتمی میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ سکیم فیز IV ایک سرکاری پروگرام سے زیادہ ہے۔ یہ ہمارے طلباء کے مستقبل میں امید اور سرمایہ کاری کی علامت ہے۔ اس سکیم سے ظاہر ہوتا ہے کہ آج کی دنیا میں ڈیجیٹل رسائی ایک نصابی کتاب یا کلاس روم کی طرح ہی ضروری ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587611

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں