اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام اوراسلام آباد میں جمہوریہ کوریا کے سفارت خانے کے تعاون سے کوریاپاکستان ثقافتی ہفتہ منایا جائے گا۔اس ایونٹ میں دونوں ممالک کے ثقافتی ورثے کو پیش کیا جائے گا جوان کی دوستی اور ثقافتی تبادلے کو مضبوط کرتا ہے۔ایونٹ میں دو دلچسپ پروگرام پیش کیے جائیں گے ۔اتوار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوریا پاکستان ثقافتی گالا 23 اکتوبر کو لیاقت جمنازیم، اسلام آباد میں ہو گا۔اس رنگارنگ شام کوکوریا اور پاکستان کی دلکش موسیقی، رقص اور آرٹ کی پرفارمنس پیش کی جائے گی۔
مزید برآں کوریاپاکستان مووی ڈے پر 24 سے 27 اکتوبر تک پی این سی اے میں چار مقبول فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ کورین فلمیں ’اوڈ ٹو مائی فادر‘ اور ’دی ہمالیہ‘ پاکستانی ہٹ فلموں ’نایاب‘ اور ’سپر اسٹار‘ کے ساتھ نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ یہ فلمیں دونوں ممالک کے سینما کے تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں۔
اس حوالے سے چیئرمین پرائم6 منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہاہے کہ ہم جمہوریہ کوریا کے سفارت خانے کے ساتھ اس ثقافتی نمائش کی شراکت داری کے لیے پرجوش ہیں۔کوریا پاکستان ثقافتی ہفتہ 2024 کوریا اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی تعلقات کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ نمائش متنوع سامعین بشمول معززین، ثقافتی شائقین، اور طلباءکو اپنی طرف متوجہ کرے گی۔