وزیراعظم یوتھ پروگرام اور سوشل انوویشن اکیڈمی کے درمیان شراکت داری کیلئے لیٹرآف انٹینٹ پر دستخط

117
Rana Mashhood Ahmed
Rana Mashhood Ahmed

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) نے سوشل انوویشن اکیڈمی(ایس آئی اے)کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو سوشل انٹرپرینیورشپ کے جدید طریقوں کے ذریعے بااختیار بنایا جاسکے۔ اس سلسلہ میں لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر ایک تقریب کے دوران دستخط کئے گئے جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے شرکت کی۔یہ نئی نسل میں جدت کو فروغ دینے کے خطے کے عزم کی جانب ایک اہم قدم ہے،یہ شراکت داری سماجی کاروباری اداروں کی ترقی، نوجوانوں کو بامعنی منصوبوں میں مشغول کرنے اور مختلف شعبوں میں معلومات کے تبادلے کو آسان بنانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔

وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور ایس آئی اے نے ہنر مندی کی تربیت، رہنمائی اور ضروری وسائل تک رسائی کے ذریعے نوجوانوں کو بلوچستان میں سماجی چیلنجز سے موثر انداز میں نبرد آزما ہونے کے لیے تیاری کا ہدف مقرر کیا ہے۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لئے ہمارے نوجوانوں کو بااختیار بنانا بہت ضروری ہے، اس تعاون کے ذریعے ہمارا مقصد نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں کونکھارنا اور کمیونٹیز میں مسائل حل کرنے اور جدت طراز فعال رہنما بننے کی ترغیب دینا ہے۔ سوشل انوویشن اکیڈمی کی سماجی جدت طرازی سے وابستگی وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے ترقی پذیر، بااختیار نوجوان آبادی کے وژن کے ساتھ مکمل طور پر مطابقت رکھتی ہے۔

ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم اپنی طاقتوں کو یکجا کرکے نوجوان کاروباری افراد کے لئے موثر مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ سوشل انٹرپرینیورشپ کے ذریعے، بلوچستان کے نوجوان مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں اور خطے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ یہ اقدام مختلف قسم کے پروگرام پیش کرے گا، جن میں ورکشاپس، سوشل انٹرپرائزز اور نیٹ ورکنگ ایونٹس کے لئے انکیوبیٹرز شامل ہیں، جو ہنر مندی پیدا کرنے اور نوجوانوں کی سرپرستی اور وسائل سے منسلک کرنے کے لئے تیار کیے گئے ہیں۔

اس تعاون کا مقصد نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے بلکہ معاشرے کے اندر معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی ہے۔ ایل او آئی پر دستخط کی تقریب بلوچستان میں جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ کا ماحول پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ نوجوانوں کی آواز سنی جائے اور ان کی صلاحیتوں کو عملی طور پر بروئے کار لایا جاسکے۔