22.1 C
Islamabad
اتوار, جون 1, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم یوتھ پروگرام اور چینی اداروں کے درمیان خصوصی ڈیجیٹل ہنر کی...

وزیراعظم یوتھ پروگرام اور چینی اداروں کے درمیان خصوصی ڈیجیٹل ہنر کی تربیت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے تاریخی لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

- Advertisement -

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام اور چینی اداروں کے درمیان خصوصی ڈیجیٹل ہنر کی تربیت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے تاریخی لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے گئے۔ جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی زیرصدارت وزیراعظم آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل معیشت کی تیاری کو بڑھانے کے لئے ایک تاریخی اقدام کے طور پر وزیراعظم یوتھ پروگرام نے آئی ٹی ایم سی چائنا، یو این آئی انٹرنیشنل اور چین کے معروف ووکیشنل کالجوں کے ساتھ دونوں طرف سے ٹیم کے اراکین کی موجودگی میں ایک لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی ) پر دستخط کئے ہیں۔

اس شراکت داری کا مقصد پاکستان بھر میں خصوصی ڈیجیٹل مہارتوں کے پیشہ وارانہ تربیتی پروگراموں کا آغاز کرنا ہے۔اس سٹریٹجک پارٹنرشپ کا مقصد نیوٹیک، ٹیوٹا اور چینی ٹیوٹ اداروں کے ساتھ مل کر قلیل مدتی، روزگار پر مبنی تربیتی کورسز کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا ہے۔ابتدائی طور پر 40 سے 50 خصوصی ڈیجیٹل کاروباروں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں زیادہ مانگ والے شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے جیسا کہ ای کامرس اور سرحد پار ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور میڈیا ٹیکنالوجی ،مصنوعی ذہانت اور اے آئی جی سی فنٹیک اینڈ فنانشل اکاؤنٹنگ،سیاحت اور مہمان نوازی،تخلیقی انٹرپرینیورشپ، اینیمیشن اور دیگر شعبے شامل ہیں ۔

- Advertisement -

اگلے دو سالوں میں 1,000 مقامی ماسٹر ٹرینرز کو چینی پیشہ وارانہ اور نصابی معیارات کا استعمال کرتے ہوئے تربیت دی جائے گی ۔وزیراعظم یوتھ پروگرام سرفہرست 100 تعلیمی اداروں (بشمول یونیورسٹیاں اور پیشہ وارانہ تربیتی مراکز)کا انتخاب کرے گا جن میں سے فی ادارہ 10 ماسٹر ٹرینرز کو نامزد کیا جائے گا۔2025 میں 200 ماسٹر ٹرینرز،2026 میں 800 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جائے گی۔یہ تربیت ایک ہائبرڈ ماڈل (آن لائن اور آف لائن) کا استعمال کرتے ہوئے منعقد کی جائے گی جس کا تعاون اعلیٰ معیار کے ہینڈ آن سافٹ ویئر، ٹریننگ پلیٹ فارمز، اور آئی ٹی ایم سی اور چینی ٹیوٹ کالجوں کے ذریعے سرٹیفیکیشن کے ذریعے کیا جائے گا۔اگلے پانچ سالوں میں اس اقدام کے تحت 100,000 نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی جس میں ہر حصہ لینے والا ادارہ سالانہ 100 ٹرینیز کو تربیت دے گا۔

چین کی بین الاقوامی تعاون کی پالیسی کے مطابق پاکستان بھر میں 30 سے ​​50 سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کئے جائیں گے جو نیوٹیک ، ٹیوٹا اور چینی ٹیوٹ اداروں کے ساتھ مل کر عملی تربیت کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کریں گے۔مزید برآں پاکستان کی بڑھتی ہوئی فری لانس معیشت کو سہارا دینے کے لئے 100,000 فری لانسر اکاؤنٹس فراہم کئے جائیں گے۔ تربیت یافتہ افراد کورس اور سافٹ ویئر کی تکمیل پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ای-سرٹیفکیٹ حاصل کریں گے۔

خصوصی تربیتی پروگراموں میں ایمیزون سٹور آپریشنز، سرحد پار ای کامرس لائیو سٹریمنگ، مختصر ویڈیو پروڈکشن،کاروباری ڈیٹا کا تجزیہ،مصنوعی ذہانت کی ترقی،ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایپلی کیشنز،آن لائن اسٹور آپریشنز، ڈیٹا پر مبنی پروڈکٹ کا انتخاب، اےآئی جی سی ٹیکنالوجی ایپلی کیشنزشامل ہیں۔

لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کے بعد وزیراعظم یوتھ پروگرام ، آئی ٹی ایم سی اور یو این آئی انٹرنیشنل کے درمیان ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ 200 ماسٹر ٹرینرز کی پہلی کھیپ کو منتخب کیا جائے گا ۔(ٹریننگ آف ٹرینرز) کی افتتاحی تقریب سے اس پر عمل کا باقاعدہ آغازہو گا۔یہ تعاون ڈیجیٹل مہارتوں کے فرق کو ختم کرنے اور پاکستان بھر میں نوجوانوں کی ملازمت میں اضافے کی طرف ایک اہم قدم ہے جو ٹیکنالوجی اور اختراع کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنانے کے حکومت کے وژن کے مطابق ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603425

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں