وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور روزگار کے مواقع، وسائل اور مدد فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے، رانا مشہود احمد خان

107
Rana Mashhood Ahmed
Rana Mashhood Ahmed

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور روزگار کے مواقع، وسائل اور مدد فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے،نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور روایتی مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ چائنہ ٹیانگ انٹرنیشنل اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک ) کے تعاون سے منعقدہ "چائنہ سکالرشپ فار یوتھ سکل ڈویلپمنٹ” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور روایتی مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے چائنیز سکالرشپ پروگرام کے لئے میرٹ پر منتخب ہونے والے طلباء کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، ان کا ملک کو تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن کرنے میں مرکزی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر نوجوان پاکستانی کے پاس آج کے مسابقتی منظر نامہ میں کامیاب ہونے کے لئے ضروری مہارتیں ہوں، ہائی ٹیک اور روایتی مہارت کی ترقی دونوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہمارا مقصد روزگار کے امکانات کو بڑھانا اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو "پاکستان کے سفیر” قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ایمانداری سے محنت کریں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔رانا مشہود احمد خان نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط رشتے کا بھی اعتراف کیا اور غربت کے خاتمے، نوجوانوں کے روزگار اور ترقی میں چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران تقریباً 2 لاکھ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں 18۔2013 میں طلباء کو سکالر شپ پر چین بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کی یونیورسٹیوں میں 7000 سے 10000 طلباء تعلیم حاصل کر کے اپنا مستقبل سنوار رہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے نیوٹیک انتظامیہ سے تکنیکی تعلیم کے شعبوں اور بیرون ملک سکالرشپ کے لئے خواتین کی تعداد میں اضافہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کیونکہ ہنرمند خواتین کی شمولیت کے بعد ملائیشیا کی جی ڈی پی میں 2 سے 3 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے نئے اقدامات کر رہے ہیں۔ہنرمند افرادی قوت کو فروغ دینے میں نیوٹیک، ٹیوٹ اور ٹینگ کی جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے قومی ترقی میں ہنر کی تعلیم کے اہم کردار پر زور دیا۔