آستانہ۔3جولائی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن برائے گرین یوتھ موومنٹ اور بین الاقوامی روابط سیدہ آمنہ بتول نے ازبکستان میں او آئی سی یوتھ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تعلیم، روزگار، انٹرپرینیورشپ اور ماحولیات میں پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ فورم نے او آئی سی کے رکن ممالک کے نوجوان رہنماؤں کو عالمی مسائل سے نمٹنے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی وکالت کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کیا۔
دیگر مندوبین کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں میں عالمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت کے لئے حکومت کی پرعزم کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ اس فورم میں ان کی شرکت سے نوجوانوں کی شمولیت اور عالمی تعاون کے لئے پاکستان کے عزم کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔ اس موقع پر ازبکستان کے امور نوجوانا ن کے وزیر علی شیر سعد اللہیف نے فورم میں ان کی فعال شمولیت کو سراہا اور سووینئر بھی پیش کیا۔