اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام نے پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ اور ماحول دوست رویے کو فروغ دینے میں اہم پیشرفت کی ہے، ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں میں کل 137 گرین یوتھ کلب قائم کئے گئے ہیں جو ہزاروں طلباء کو پائیدار ترقی اور ماحولیاتی اختراعی سرگرمیوں میں شامل کر رہے ہیں۔ منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ایک عہدیدار نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت گرین یوتھ موومنٹ کے ذریعے ملک کے نوجوانوں میں ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں بیداری پیدا کی گئی،گرین یوتھ موومنٹ کئی اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گی جن میں موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، پائیدار زراعت اور فضلہ کے انتظام شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی گرین یوتھ موومنٹ برٹش کونسل، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کے لئے تربیت اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کے ساتھ ساتھ نیٹ ورکنگ اور دوسرے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ گرین یوتھ موومنٹ کے اہداف اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز ) خاص طور پر ایس ڈی جی 13 موسمیاتی اقدامات اور ایس ڈی جی 4 معیاری تعلیم کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔
گرین یوتھ موومنٹ کا مقصد پائیدار ترقی کے لئے نوجوان پاکستانیوں کو بااختیار بنا کر ان عالمی اہداف کے حصول کے لئے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، اس اقدام پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے ، ملک بھر سے سینکڑوں نوجوان اس تحریک میں شامل ہونے میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرین یوتھ موومنٹ پاکستان میں پائیدار ترقی اور گرین گروتھ کو فروغ دینے کے لئے ایک بڑی قوت بننے کے لئے تیار ہے اور اس کے اثرات آنے والے برسوں تک محسوس کئے جانے کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستانیوں کو ماحولیاتی تحفظ میں قیادت کرنے کے لئے بااختیار بنا کر وزیراعظم یوتھ پروگرام کی گرین یوتھ موومنٹ ملک کے ماحولیاتی مستقبل پر نمایاں اثر ڈالنے کے لئے تیار ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582271